سہ فریقی سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محمد رضوان چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، اسکواڈ میں کئی بڑے تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، جن میں فخرزمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سعود شکیل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جارح مزاج اوپنر بلے باز فخر زمان ورلڈ کپ 2023 کے بعد قومی ٹیم میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں، ان کے علاوہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور کامران غلام سکواڈ کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ محمد حسنین، طیب طاہر، عثمان خان، حارث راؤف اور ابرار احمد ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب اوپننگ بلے باز صائم ایوب انجری کی وجہ سے جاری کردہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں اور وہ چیمپئنز ٹرافی میں شمولیت نہیں کر سکیں گے۔
ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئےسلیکٹرز نے کہا ہے کہ فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر سعود شکیل یا بابر اعظم ہوسکتے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا ابھی اوپننگ پارٹنر کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا باقی ہے۔
سلیکٹر اسد شفیق نے صائم ایوب سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اندازہ ہے کہ صائم ایوب کے لیے چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنا کتنا تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے چند روز قبل آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ کے نام بھیجے تھے، پی سی بی کی جانب سے جمع کروائے گئے ابتدائی اسکواڈ میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، طیب طاہر، عرفان خان نیازی، سفیان مقیم، محمد حسنین، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، عثمان خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، کامران غلام سمیت سلمان علی آغا، امام الحق، فخر زمان، حسیب اللہ اور عباس آفریدی کا نام شامل تھے۔

خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی مہمان نوازی پاکستان کو سونپی گئی ہے، جس کے لیے مقررہ اسٹیڈیمز کو عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی، تاہم اس کے چند میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے، کیونکہ انڈیا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
انڈیا کے انکار کے بعد یہ طے پایا ہے کہ انڈیا کے تمام میچز نیوٹرل وینیو میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے دبئی کا انتخاب کیا گیا ہے، جب کہ دوسری تمام ٹیمیں پاکستان میں میچز کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ یہ میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم 19 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل کر ایونٹ کا آغاز کرے گی۔