Follw Us on:

سب راستے بند کردیے جائیں تو خوددار قومیں شمشیر کا راستہ اپناتی ہیں، حافظ نعیم کا مظفر آباد میں خطاب

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
مظفر آباد میں حافظ نعیم نے بڑے مارچ سے خطاب کیا (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی پاکستان  نے مظفرآباد میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب راستے بند کر دیے جائیں تو خوددار قومیں شمشیر کا راستہ اپناتی ہیں، کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج تعینات کرنے کی بات کی جا رہی ہے، لاک ڈاون، جعلی حلقہ بندی، خصوصی حیثیت ختم اپنی حدود قرار دینے کے دعوے ہو رہے ہیں، آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے، جب سارے راستے بند کیے جا رہے ہوں تو تو غیرت مند قوم، ان کی فوج اور جرنیل آگے بڑھ کر شمشیر کا راستہ اپناتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘مقبوضہ کشمیر والو! تم پاکستانی ہو، پاکستان تمہارا ہے۔’

کشمیر کے معاملے پر پاکستانی عوام کی یکسوئی کا ذکر کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کسی کو ‘کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔ ہم سب ایک ہیں، سب سامراج اور اس کے ایجنٹوں سے آزادی چاہتے ہیں۔’

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ‘افواج پاکستان سے کہتا ہوں افغانستان سے بامقصد مذاکرات کریں تاکہ اس بارڈر پر مصروف نہ رہنا پڑے۔ جب سے ایک جرنیل نے امریکی گود میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا تو ہمارا مشرقی محاذ کمزور ہوا ہے۔ سی آئی اے اور را کی مداخلت سے پاکستان میں بدامنی ہوئی، کھل کر سب کو بتائیں کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے۔’

کھل کر سب کو بتائیں کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان (فوٹو : پاکستان میٹرز)

انہوں نے کہا کہ ‘اب کی بار، 400 پار’ کہنے والے مودی کے عروج کا دور گزر چکا، اس کا زوال شروع ہو چکا ہے۔ یہ سب ان مظالم کا نتیجہ ہے جو کینیڈا وامریکا میں سکھوں کو ٹارگٹ اور پیلٹ گنوں ودیگر مہلک اسلحہ سے کشمیریوں کو نشانہ بنا کر ڈھائے گئے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں منعقدہ کشمیر مارچ اور جلسہ کے سٹیج پر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق بھی موجود تھے۔

قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے اور بیس کیمپ کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر حریت قیادت، سیاسی رہنماؤں اور معززین نے بھی شرکت کی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تعلیم ہمارا حق ہے، خیرات نہیں چاہتے، روزگار، بجلی اور پانی کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی کا آزاد کشمیر میں ‘بنو قابل پروگرام’ شروع کرنے کا اعلان

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعتِ اسلامی نے کہا کہ ‘آزاد جموں وکشمیر جماعت بنو قابل پروگرام لے کر چلے، ایک لاکھ بچوں کو پڑھائیں، ان کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ نوجوان پڑھ کر آگے بڑھیں گے، انہیں روزگار ملے گا تو سبھی آگے بڑھیں گے۔’

حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی کہیں بھی نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم  نے بنو قابل پروگرام کے تحت کراچی میں 48 ہزار لڑکے، لڑکیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے، آج وہ فری لانسنگ کر رہے  ہیں۔ اب وہاں پر بنو قابل پروگرام کا چوتھا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایسا ہی پروگرام لاہور میں شروع کیا گیا جس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد فائدہ اٹھا رہی ہے۔

شرکائے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ”آپ لوگ پاکستان کو کسی وڈیرےکا پاکستان مت سمجھیں بلکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”۔

نوجوانوں کو عسکری تربیت حاصل کرنی چاہیے:وزیر اعظم آزادکشمیر   

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ’میں جماعت اسلامی کشمیر کے امیر کی آواز پر لبیک کہتاہوں کہ آزاد کشمیرکے نوجوانوں کو عسکری تربیت حاصل کرنی چاہیے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی، سفارتی معاملات کے ساتھ جہاد کے کلچر کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس