صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اورچین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون کی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔
سرکاری خبررساں ادارے پی ٹی وی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے آج بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال کا دورہ کیا ہے، جب وہ بیجنگ کے عظیم ہال میں پہنچے، تو چینی صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر آصف علی زرداری کی عظیم ہال آمد کے موقع پر مسلح افراد کے چاق و چوبند دستوں نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دونوں ممالک کے صدور نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا، اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے سمیت مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے، جس میں صدرِمملکت آصف زرداری اور چینی ہم منصب شی جن پنگ بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بیجنگ میں گریٹ ہال آف چائنا میں ہوئی ہے، جس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی اور سی پیک منصوبوں پر تیزی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اور خوشحالی چینی قیادت کے وژن اور عوام کی فعالیت کا مظہر ہے۔
آصف زرداری نے عالمی ترقی میں چین کے تعاون پر چینی صدر کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار روایتی دوستی تاریخی ہے، پاک چین دوستی دونوں ممالک اور ان کے عوام کا قیمتی اثاثہ ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے سی پیک کی تعمیر، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھایا، پاکستان تعاون دو طرفہ تعلقات کے لیے ایک مثال ہے۔
صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی، سینیٹر سلیم مانڈوی، ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چار سے آٹھ فروری تک کے لیے چین کے سرکاری دورہ پر گئے ہیں، جہاں وہ چینی صدر سمیت اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس موقع پر دونوں فریق عالمی، علاقائی، جغرافیائی، سیاسی منظر نامے اور کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یاد رہے کہ صدر آصف علی زرداری چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہاربن میں منعقد ہونے والی نویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کے لیے تشریف لے گئے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی روایت کو اجاگر کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے گہرے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق بنیادی مفادات، سی پیک سمیت اقتصادی اور تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کو اجاگر کرنے کے لیے باہمی تعاون کا اعادہ کرتا ہے۔