اپریل 5, 2025 12:37 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

کراچی میں ڈمپر موت کی علامت بن گئے، انتظامیہ ہیوی ٹریفک کو روکنے میں ناکام

دانیال صدیقی
دانیال صدیقی
گذشتہ دو دنوں میں تیز رفتار ڈمپر نے پانچ لوگوں کو زندگی سے محروم کردیا۔ (فوٹو: احمد آباد)

شہر قائد کے شہریوں کی جانیں اسڑیٹ کرمنلز اور ڈکیتوں کے ہاتھوں پہلے ہی غیر محفوظ تھی کہ اب ہیوی ٹریفک نے بھی شہریوں کی جانیں نگلنا شروع کردی ہیں۔ شہر میں دن اور شام کے اوقات میں تمام مرکزی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک موجود ہوتا ہے جو کہ شہریوں کی زندگیوں کےلیے موت کی علامت ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں تیز رفتار ڈمپر نے پانچ لوگوں کو زندگی سے محروم کردیا۔ یوں ہنستے بستے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔
پہلا حادثہ بدھ کے روز ملیر ہالٹ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹے کو کچل دیا جس کے نتیجے میں دونوں شہری ہلاک ہوگئے۔ ورثا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ہجرت کالونی سے تھا جو کہ اپنے گھر سے واپس آرہے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا سلیم نجی کمپنی میں چوکیدداراور چھے بچوں کا والد تھا۔

ہم غریب لوگ ہیں مزید قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔ دوسرا المناک واقعہ ملینیم مال گلستان جوہر پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے میاں اور بیوی سمیت دو افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والے مرد کانام کامران رضوی جبکہ خاتون کا نام بسمہ ہے۔ پولیس نے دو نوں واقعات میں ملوث افراداور ان کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

کراچی میں سیاسی رہنماؤں نے بھی حالیہ دنوں میں تیز رفتار ڈمپر کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور حکومت سے ہیوی ٹریفک کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

کورٹ کی جانب سے ڈمپرز کے شہر میں رات گیارہ بجے سے پہلے نقل و حرکت پر پابندی کے باوجود یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ (فوٹو: کراچی افیئرز)

اس موقع پر منعم ظفر کا کہنا تھا کہ کورٹ کی جانب سے ڈمپرز کے شہر میں رات گیارہ بجے سے پہلے نقل و حرکت پر پابندی کے باوجود یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پابندی کے باجوود یہ واقعہ شام 5بجے ہوا، حکومت،انتظامیہ اور پولیس کہاں ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں گزشتہ 35 دن میں 85 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں، جس میں ڈمپرز، ٹینکرز،ٹرالر زاور دیگر حادثات میں لوگ اپنی جان سے چلے گئے ہیں۔

یہ ایک المیہ ہے، اہل کراچی کے ساتھ ظلم ہے،لوگ کب تک اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے؟ حکومت فوری طور پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ڈمپر مافیا کے خلاف سندھ حکومت کو ایک ہفتے میں لائحہ عمل بنانے کا حکم دے دیا۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے بڑے حادثات صرف کراچی میں ہی کیوں ہوتے ہیں؟ سندھ حکومت ان کے خلاف فوری کارروائی کرے ورنہ میں خود ان کے خلاف کارروائی کروں گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے شہر میں ڈمپرز کی ٹکر سے پے در پے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام غیرقانونی و غیر رجسٹرڈ ڈمپرز کے خلاف سخت ایکشن لینے اور انھیں فوری ضبط کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ میئر کراچی مرتضی وہاب نے بھی ایڈشنل آئی جی کراچی کو دن اور رات کے موقع پر ہیوی ٹریفک کی وجہ سے حالیہ ہلاکتوں پر خط بھی جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ یسکیو اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 71 افراد جاں بحق اور 1044 زخمی ہو چکے ہیں۔

دانیال صدیقی

دانیال صدیقی

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس