پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ایشین کپ کوالیفائرز سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی مہلت کا انتظار کیے بغیر ہی ٹورنامنٹ میں عدم شرکت کا اعلان کردیا ہے۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان ایشین کپ کوالیفائر کا فائنل راؤنڈ نہیں کھیل پائے گا۔
اے ایف سی نے اپنے خط میں تحریر کیا تھا کہ اگر چار مارچ تک معطلی ختم نہ ہوئی تو پاکستان کو ٹورنامنٹ سے دستبردار تصور کیا جائے گا۔ اس کے برعکس پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اے ایف سی کا خط ملتے ہی کوالیفائرز نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان ایشین کپ کوالیفائر کا فائنل راؤنڈ نہیں کھیل پائے گا۔

واضح رہے کہ 7 فروری کو عالمی فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے پی ایف ایف کی جانب سے تجویز کردہ آئینی ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے پی ایف ایف کو معطل کر دیا تھا۔
نجی خبررساں ادارے ڈان کی رپورٹ کے مطابق فیفا کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پی ایف ایف کوفوری طور پر معطل کیا گیا ہے، جس کی وجہ آئین پر نظرِثانی کرنے میں ناکامی ہے۔
فیفا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ معطلی ایک صورت میں اٹھائی جا ئے گی، جب پی ایف ایف کی کانگریس فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے تجویز کردہ آئین کی منظوری دے گی۔
یاد رہے کہ پی ایف ایف سال 2015 سے بحران اور تنازعات کا شکارہے، 2017 کے بعد سے یہ تیسرا موقع ہے، جب پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ 2021 میں تھرڈ پارٹی کی غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے فیفا نے پی ایف ایف کو معطل کیا تھا اور اب تیسری دفعہ پھر پی ایف ایف کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔