نئے تعمیر ہونے والے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح آج کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے نامور گلوگار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
اس کے علاوہ تقریب میں لائٹس اور آتش بازی کا بہترین مظاہرہ کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
نئے ڈیزائن میں مرکزی اسٹیڈیم کے سامنےایک نئے عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ نئے اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے وی آئی پی باکس، ایک گیلری، میڈیا باکسز اور فیملی باکسز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، دو ڈریسنگ روم اس نئی عمارت میں منتقل کیے گئے ہیں۔
میچ کا بہترین ویو حاصل کرنے کے لیے ان شائقین کے آگے جنگلے ختم کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح ہاسپٹلٹی باکسز کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور پیڈسٹرین برج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 34،238 ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ لاہور کی طرح کراچی میں بھی اسٹیدیم کی تعمیر کا کام کرنے والے مزدروں کے اعزاز میں آج ظہرانہ دیا جائے گا۔
ظہرانے میں تقریباً تین ہزار سے زائد مزدور مدعو ہیں۔
مزدورں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ہم دن رات محنت کرکے اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام مکمل کیا ہے۔ آج ہماری محنت رنگ لائی ہے”۔
ان کا کہنا تھا کہ “پڑوسی ملک میں کہا جارہا تھا پاکستان کے اسٹیڈیم نامکمل ہیں۔ ہم نے پاکستان کا تاثر دنیا بھر میں بہتر بنایا ہے۔ اسٹیدیم کی جلد تعمیرات مکمل کرنے پر انتظامیہ کے بھی شکر گزار ہیں”۔
یاد رہے نئے تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کل پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ 19 فروری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ چیمپیئنز ٹرافی کے میچیز بھی یہیں کھیلے جائیں گے۔