ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کا اجلاس دبئی میں منعقد ہوا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے، اور پائیدار و منصفانہ امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گورنمنٹس سمٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے خطے میں امن قائم ہو گا
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کی گئی جس میں 50 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا گیا،فلسطین میں 50 ہزار سے زیادہ معصوم جانیں ضائع ہوئی اور آزاد فلسطین کا درالحکومت القدس ہے
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے،پائیدار اور منصفانہ امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کی چیئرپرسن برائے صدارت کی دبئی، متحدہ عرب امارات میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک کے مابین تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر مفید تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر مبنی ایک مضبوط و وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی خواہش اظہار کیا۔

بوسنیا اور ہرزیگوینا کے لیے یورپی یونین کی رکنیت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ بوسنیا اور ہرزیگوینا کی بطور علاقائی روابط کے مرکز کی بے پناہ صلاحیت اور مستقبل میں یورپی یونین کی رکنیت بوسنیا اور ہرزیگوینا کے راستے پاکستانی اشیاء کے بلقان اور مشرقی یورپی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرے گی۔
بوسنیا اور ہرزیگوینا کی چیئرپرسن برائے صدارت نے پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بوسنیا اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ کی خواہش کا اظہار کیا.
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے مل کر کام کرنے روابط کی مضبوطی پر اتفاق کیا