اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر دو معروف سیاسی رہنماؤں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ جس میں سیاسی رہنما فواد چودھری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان یہ بدترین لڑائی شروع ہوئی جب فواد چودھری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا۔ تھپڑ لگنے کے بعد شعیب شاہین زمین پر گر پڑے اور ان کے بازو پر چوٹ آئی۔
جیل کے باہر جھگڑے کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو شدید گالیاں بھی دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مبطابق فواد چودھری نے شعیب شاہین کو ‘ایجنسیوں کے ٹاؤٹ’ تک کہہ ڈالا، جس پر شعیب شاہین نے جواب دیا ‘اپنے کام سے کام رکھو’ اس کے بعد صورتحال مزید بگڑ گئی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی۔ جس میں فواد چودھری نے شعیب شاہین سے کہا کہ “تم پانچ ہزار روپے میں بک جاتے ہو۔”
اس دوران موقع پر موجود جیل عملے نے فورا مداخلت کی اور دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کر دیا۔ بیچ بچاؤ کے باوجود یہ جھگڑا اڈیالہ جیل کی حدود تک محدود نہ رہا اور سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔
اس لڑائی کے بعد فواد چودھری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے جبکہ شعیب شاہین زمین پر گرنے کے باعث معمولی زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ سیاسی کشیدگی اور تناؤ کو مزید بڑھا رہا ہے اور سوالات اُٹھ رہے ہیں کہ کیا یہ لڑائی صرف ذاتی نوعیت کی تھی یا اس کے پیچھے کسی اور سیاسی سازش کا ہاتھ تھا؟