لیہ اور ملتان میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے دوران تین سگے بھائیوں سمیت 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، لیہ میں کوٹ ادو روڈ پر عزیز فارم کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ پیش آیا۔
لیہ میں کنکریٹ سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی ٹرک کیساتھ ٹکرانے کے باعث اُلٹ گئی، ٹریکٹر ٹرالی کے اوپر بیٹھے چاروں افراد دب کر جاں بحق ہوگئے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو کے مطابق حادثے کے شکار افراد کا تعلق چوک سرور شہید کے نواحی علاقے سے بتایا جاتا ہے۔
ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں1356 ٹریفک حادثات رونما ہوئے ہیں۔
حادثات کے دوران 624 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد 76 فیصد موٹر سائیکلز حادثات کی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کا ڈی آئی خان میں آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک
ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 862 ڈرائیوز، 84 کم عمرڈرائیور ، 538 مسافر اور 179 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔
اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ261 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت 311 متاثرین کے ساتھ پہلے ، فیصل آباد 99 حادثات میں 112 متاثرین کے ساتھ دوسرے ، گوجرانوالہ 78 حادثات میں 80 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
ان ٹریفک حادثات کے کل 1579 متاثرین میں 1278 مرد اور 301 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 240 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 899 کی اوسط عمر 18سے 40 سال کے درمیان جبکہ 440 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے ۔
ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1341 موٹر سائیکلز ، 74 آٹو رکشے ، 155 کاریں ، 39 وین ،12 مسافر بسیں ، 29 ٹرک اور 97 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔
دریں اثنا ملتان میں مسافر بس، ٹرک اور کار کے آپس میں ٹکرانے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے، مسافر بس، ٹرک اور کار کے آپس میں ٹکرانے کا واقعہ کڈنی سینٹر کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ7 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔