بولیویا کے جنوب میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک مسافر بس 800 میٹر گہری کھائی میں گر کر تباہ ہو گئی۔ مقامی پولیس اور میڈیا کے مطابق اس دل دہلا دینے والے حادثے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ 15 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
یہ حادثہ یوکالا کے قریب ‘پوتوسی’ اور ‘اورورو’ کے شہروں کے درمیان واقع تنگ دو طرفہ سڑک پر پیش آیا۔
پولیس کرنل وکٹر بینیوڈیز نے اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے میں مرنے والوں کی لاشوں کو قریبی مردہ خانوں تک منتقل کیا گیا ہے۔
علامی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ کچھ زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کا سبب تیز رفتاری ہو سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور بس پر قابو پانے میں ناکام رہا، جس کے نتیجے میں یہ خوفناک سانحہ پیش آیا۔
یہ حادثہ بولیویا میں 2025 میں رپورٹ ہونے والا سب سے سنگین سڑک حادثہ ہے۔ اس سے قبل پوتوسی کے قریب ایک اور بس حادثے میں 19 افراد کی جانیں گئیں تھیں۔
بولیویا کے پہاڑی علاقے اور پیچیدہ سڑکیں اکثر خطرناک ثابت ہوتی ہیں جن پر ہونے والے حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ہر سال بولیویا میں تقریباً 1,400 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔
یہ المناک واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بولیویا کے قدرتی مناظرات میں ٹریفک کی حفاظتی تدابیر کی اہمیت اور سڑکوں کی حالت میں بہتری کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے شہری کی موت، پانچ ٹینکروں کو آگ لگا دی گئی