لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل کراچی سے 22 انڈین ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا۔
کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 22 انڈین ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا ہے جنہیں سرکاری ادارے کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے انتظامات پر بس کے ذریعے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتایا کہ ماہی گیروں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کرکے ان کے وطن روانہ کیا جا رہا ہے، جیل سے رہائی کے وقت ماہی گیروں کو اخراجات کی معقول رقم سمیت تحائف بھی دیے گئے۔
اِن ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود میں گزشتہ ڈھائی سے 3 سال کے دوران غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار پر پاکستانی اتھارٹیز نے حراست میں لیا تھا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل ارشد شاہ کے مطابق رہائی پانے والے 22 انڈین ماہی گیروں میں 3 مسلمان اور 19 ہندو ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد شاہ کے مطابق لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں مزید 198 انڈین ماہی گیر سزا کاٹ رہے ہیں۔