پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کا طریقہ کار کسی صورت قبول نہیں، اس لیے حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے اعلان کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 15 روز بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر کاروبار بند کر دیا جائے گا۔
وائس چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن طارق حسن نے الزام عائد کیا کہ حکومت آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نواز رہی ہے، جب کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز کا فی لیٹر منافع 10 روپے سے بڑھا کر 24 روپے کیا جائے اور ان کے لیے 8 فیصد منافع مقرر کیا جائے۔ ڈیلرز کے منافع میں بتدریج اضافہ کیا جانا چاہیے، جب کہ حکومت ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں کمی کرے۔
مزید پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدے پر مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں متوقع، دفتر خارجہ
طارق حسن نے دعویٰ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے روزانہ 6 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع ہوتے ہیں، جو عوام سے وصول کرکے حکومت کو ادا کیے جاتے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ڈیلرز اصل اسٹیک ہولڈر ہیں، اس لیے حکومت کو ان کے جائز مطالبات سننے چاہئیں۔
ایسوسی ایشن نے مزید دعویٰ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد دو بڑی نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے تیل کی فراہمی بند کر دی ہے۔







