پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے دورۂ مسقط کے دوران ہوئی، جہاں انہوں نے عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور عمان کے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تیل و گیس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد دونوں وزرا نے پی ایس او اور عمان کی عالمی تجارتی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خریدوفروخت کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
معاہدے کے تحت او کیو ٹریڈنگ پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے ساتھ خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ لائن بھی فراہم کرے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق او کیو ٹریڈنگ پہلے ہی پی ایس او کو پیٹرول فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شامل ہے اور 2026 کے دوران اب تک 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کر چکی ہے۔ نیا معاہدہ دونوں کمپنیوں کے درمیان پہلے سے موجود تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک باقاعدہ فریم ورک فراہم کرے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ او کیو ٹریڈنگ پاکستان کی ایل پی جی مارکیٹ میں بھی اپنی موجودگی بڑھا رہی ہے اور سرکاری و نجی شعبے کے خریداروں کو ایل پی جی فراہم کر رہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
دونوں وزرا نے معاہدے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پر عمل درآمد سے پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور توانائی کی درآمدات کے ذرائع متنوع بنانے کے ذریعے پاکستان کی توانائی سکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں سموگ کا دورانیہ کم ہو کر 2 سے 3 گھنٹے رہ گیا، مریم اورنگزیب
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یہ معاہدہ علاقائی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قابلِ اعتماد فراہمی کے لیے ایک منظم تجارتی انتظام فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا، جس کے دوران انہوں نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیا تھا۔







