علی پرویز ملک کے مطابق اوگرا آئندہ چند لمحوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی حتمی کیلکولیشن جاری کرے گا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت میں کمی کی حتمی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ پیٹرولیم، اوگرا اور آئل ریفائنریوں کے درمیان متعدد مشاورتیں ہوئیں۔ ان کے مطابق ریفائنریوں نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی درخواست قبول کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کسانوں، ٹریکٹر مالکان اور ٹیوب ویل صارفین کو براہِ راست فائدہ ہوگا، جبکہ بسوں میں سفر کرنے والے طلبہ سمیت دیگر شہریوں کو بھی سفری اخراجات میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ اوگرا ایک خودمختار ادارہ ہے جو عوامی مفاد اور سپلائی چین کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلے کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے دوران بھی آئل ریفائنریوں نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا تھا اور اب ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی درخواست پر مثبت جواب دیا ہے۔

ڈیزل کی نئی قیمت کا حتمی اعلان اوگرا کی جانب سے قیمتوں کی حتمی کیلکولیشن کے بعد متوقع ہے۔