ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہ کیے جانے کے باعث پاکستان چیمپئنز کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی۔ کپتان شاہد آفریدی اور سرفراز احمد نے بھی دبئی جانے سے گریز کیا، تاہم ٹیم کے کئی دیگر کھلاڑی پہلے ہی متحدہ عرب امارات پہنچ چکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے مالکان کی جانب سے نام تبدیل کرکے ایونٹ میں شرکت کی تجویز بھی دی گئی، تاہم یہ تجویز قبول نہیں کی گئی۔

گزشتہ سال بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف 2 مرتبہ میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس میں سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون بھی پیش پیش تھے۔

حالیہ ایونٹ کے شیڈول کے مطابق 10 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان چیمپئنز اور انڈیا چیمپئنز کے درمیان مقابلہ ہونا تھا۔ انڈیا چیمپئنز کے اسکواڈ میں عرفان پٹھان، یوسف پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت سابق بھارتی کرکٹرز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کو خدشہ تھا کہ اگر پاکستانی سابق کرکٹرز کو این او سی جاری کیا جاتا اور وہ انڈیا کے خلاف میچ کے لیے میدان میں اترتے تو بھارتی ٹیم ایک بار پھر مقابلے سے دستبردار ہوسکتی تھی۔ ذرائع کے مطابق کسی ممکنہ تنازع سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بعض بااثر شخصیات کی جانب سے بھی پی سی بی پر فیصلہ تبدیل کرنے کے لیے زور دیا گیا، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

دوسری جانب پاکستان چیمپئنز کے اونر کامل خان کو اب بھی کھلاڑیوں کے لیے این او سی ملنے کی امید ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ نہیں ہوسکا، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ پی سی بی اپنا فیصلہ تبدیل کرلے گا۔

کامل خان کے مطابق کھلاڑیوں نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق این او سی کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور ٹیم اب بھی پی سی بی کے کسی مثبت فیصلے کی منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہمارا اپنا کرکٹ بورڈ ہے اور وہ اس کے کسی فیصلے کے خلاف نہیں جائیں گے۔