کراچی کے گورنر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 9 روز سے جاری ملک گیر ہڑتال حکومت کی یقین دہانی کے بعد 40 روز کے لیے مؤخر کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے معاملے پر 15 دن کا وقت لیا ہے، جب کہ ٹول ٹیکس میں کمی اور نظرثانی کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر بھی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جب کہ 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے اور ایکسل لوڈ سے متعلق مطالبات پر بھی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ حکومتوں کی جانب سے ٹرک پارکنگ کے لیے زمین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جب کہ بعض دیگر مطالبات پر کابینہ سے منظوری سمیت ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کا کہنا تھا کہ کچھ مسائل فوری طور پر حل ہوگئے ہیں جبکہ باقی معاملات کے لیے حکومت اور ٹرانسپورٹرز کی کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے۔ حکومت کے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ احتجاج کا آئینی حق استعمال کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے بیشتر مسائل حل کردیے ہیں جب کہ باقی مطالبات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد روڈ کسی صورت موٹروے کہلانے کے لائق نہیں، سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے کا کام رواں سال شروع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: حکومت کے گھٹنے ٹیکنے تک دھرنا جاری رہے گا: حافظ نعیم الرحمان
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے اور جنگ کے معاشی اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔ حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کا مؤقف سنا اور ملک کے مفاد میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز سے متعلق اپنے مسائل حل کرے گی اور کوشش ہے کہ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے طے کیے جائیں۔
حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔







