جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 90 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 8 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گی۔
حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو گزشتہ نرخوں کے مقابلے میں فی لیٹر زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی، جس سے پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کرنے والے شہریوں کے ماہانہ اخراجات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا فیصلہ کیا تھا، 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 12 مرتبہ کمی اور 19 مرتبہ اضافہ، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 مرتبہ کمی اور 21 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ چند روز کے دوران بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل ہوتا رہا۔ 28 اگست کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی، جس کے بعد 31 اگست، یکم ستمبر اور 2 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا گیا، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں بھی ردوبدل ہوتا رہا۔