شوبز ویب سائٹ ریویو اِٹ کے مطابق یہ سیریز معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام سے لکھے گئے ناول پر مبنی ہے، جو ابتدا میں ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا۔
پاکستانی نیٹ فلکس سیریز پر انڈیا میں پابندی کا مطالبہ، مودی کو خط ارسال
فرحت اشتیاق ’ہم سفر‘، ’یقین کا سفر‘، ’دیارِ دل‘ اور ’اڈاری‘ جیسے مقبول ڈرامے بھی لکھ چکی ہیں۔ ان کے ڈرامے ’ہم سفر‘ نے فواد خان اور ماہرہ خان کو غیر معمولی شہرت دلائی تھی۔
پاکستانی ڈراموں نے گزشتہ چند برسوں میں عالمی سطح پر بھی مقبولیت حاصل کی ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے پاکستانی کہانیوں کو بیرون ملک ناظرین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ نیٹ فلکس کی پاکستانی مواد میں دلچسپی بھی اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو نیٹ فلکس نے کمیشن کیا ہے اور ہم ٹی وی نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ سیریز کی ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے۔
سیریز کی کہانی تین نسلوں کے کرداروں، ان کی محبت، رشتوں اور زندگی کے تجربات کے گرد گھومتی ہے، جنہیں مختلف عمروں کے اداکاروں نے پیش کیا ہے۔
فواد خان
فواد خان سیریز میں محمود کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے فلم ’خدا کے لیے‘ سے اداکاری میں نمایاں شناخت حاصل کی، تاہم ڈراما ’ہم سفر‘ نے انہیں گھر گھر مقبول کردیا۔اداکاری سے قبل میوزک بینڈ ’اینٹیٹی پیراڈائم‘ کے مرکزی گلوکار بھی رہے۔
فواد خان بالی وڈ فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں اور اس سیریز میں ایک مرتبہ پھر مومنہ درید کے ساتھ کام کر رہے ہیں

ماہرہ خان
ماہرہ خان سیریز میں راحت کے کردار میں نظر آئیں گی۔ وہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔
فواد خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو ڈراما ’ہم سفر‘ سے خاصی مقبولیت ملی تھی۔ دونوں اداکاروں کو ایک بار پھر ایک ہی پروجیکٹ میں دیکھنے کے لیے مداح پرجوش ہیں۔
صنم سعید سیریز میں وٹوریا کا کردار ادا کریں گی۔ وہ ڈراموں کے علاوہ فلموں اور تھیٹر میں بھی کام کر چکی ہیں۔
ڈراما ’زندگی گلزار ہے‘ میں ان کی اداکاری کو خاصی پذیرائی ملی تھی۔ حال ہی میں وہ ’کفیل‘ اور ’گل بہار‘ جیسے پروجیکٹس میں بھی نظر آئی ہیں۔

حمزہ علی عباسی
حمزہ علی عباسی سیریز میں شہریار کا کردار ادا کریں گے، جو احد رضا میر کے کردار سکندر شہریار کے والد ہیں۔
وہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اور ڈراموں ’جانِ جہاں‘ اور ’فرار‘ میں کام کر چکے ہیں۔ اداکار اپنے محدود اور منتخب پروجیکٹس کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔

مایا علی
مایا علی سیریز میں آمنہ کا کردار نبھائیں گی۔ وہ اس سے قبل ڈراما ’من مائل‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔
مایا علی اس سیریز میں حمزہ علی عباسی کے مقابل نظر آئیں گی اور دونوں کئی برس بعد ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

بلال اشرف
بلال اشرف سیریز میں وقار کا کردار ادا کریں گے۔
وہ فلموں اور ڈراموں دونوں میں کام کر چکے ہیں اور عموماً ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کرتے ہیں جن میں کہانی اور کردار کو اہمیت حاصل ہو۔

احمد علی اکبر
احمد علی اکبر سیریز میں جہانزیب کا کردار نبھائیں گے۔ انہیں ڈراما ’پری زاد‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔
وہ اپنی مختلف النوع اداکاری اور منفرد کرداروں کے انتخاب کے لیے جانے جاتے ہیں۔

آمنہ شیخ
آمنہ شیخ سیریز میں جہانزیب کی اہلیہ سعدیہ کا کردار ادا کریں گی۔
وہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد مقبول ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ کچھ عرصے کے وقفے کے بعد وہ دوبارہ اداکاری میں سرگرم ہیں۔

احد رضا میر
احد رضا میر کہانی کی تیسری نسل کے مرکزی کردار سکندر شہریار کا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کردار کہانی کے مختلف کرداروں اور واقعات کو آپس میں جوڑنے میں اہم ہوگا۔
اداکار ’یقین کا سفر‘ اور ’عہدِ وفا‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔

اقرا عزیز
اقرا عزیز سیریز میں لیزا کا کردار ادا کریں گی، جو تیسری نسل کی مرکزی خاتون کردار ہیں۔ ناول کے قارئین میں لیزا ایک پسندیدہ کردار ہے۔
اداکارہ حال ہی میں ماں بننے کے بعد کچھ عرصے کے وقفے سے اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں۔

ہانیہ عامر
ہانیہ عامر سیریز میں سام کا کردار ادا کریں گی۔ ان کا تعلق بھی کہانی کی تیسری نسل سے ہے اور ان کا کردار دوسرے کرداروں کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہانیہ عامر اس وقت پاکستان کی مقبول نوجوان اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

خوشحال خان
خوشحال خان سیریز میں زین کا کردار ادا کریں گے۔
نوجوان اداکار نے ’دنیاپور‘، ’محبت گمشدہ میری‘ اور ’بریانی‘ جیسے ڈراموں میں کام کرکے اپنی پہچان بنائی ہے۔

عمیر رانا
عمیر رانا سیریز میں امیت کا کردار ادا کریں گے۔
وہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے تجربہ کار اداکار ہیں اور مثبت و منفی دونوں طرح کے کرداروں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

نادیہ جمیل
نادیہ جمیل سیریز میں آشا کے کردار میں نظر آئیں گی۔
نادیہ جمیل اداکارہ ہونے کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی ہیں۔ اپنی سنجیدہ اور حقیقت سے قریب اداکاری کے باعث وہ شائقین میں پہچان رکھتی ہیں۔

نادیہ خان
نادیہ خان سیریز میں بڑی آمنہ کا کردار ادا کریں گی۔ سیریز میں وہ آمنہ کے کردار کا بڑی عمر والا روپ پیش کریں گی۔
نادیہ اداکاری کے علاوہ میزبانی اور شوبز سے متعلق تبصروں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔

سمیہ ممتاز
سمیہ ممتاز بڑی راحت کا کردار ادا کریں گی، جو ماہرہ خان کے کردار راحت کا بڑی عمر والا روپ ہے۔
اداکارہ پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکاراؤں میں شامل ہیں اور مختلف نوعیت کے کردار ادا کر چکی ہیں۔

شہزاد نواز
شہزاد نواز سیریز میں بڑے وقار کا کردار نبھائیں گے، جو بلال اشرف کے کردار وقار کا بڑی عمر والا روپ ہے۔
اداکار پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری میں اداکاری کے علاوہ دیگر تخلیقی شعبوں سے بھی وابستہ رہے ہیں۔

عثمان جاوید
عثمان جاوید سیریز میں خان بہادر کے کردار میں دکھائی دیں گے۔
وہ ’جھوک سرکار‘ اور ’زنجیریں‘ جیسے ڈراموں میں کام کر چکے ہیں اور نئی نسل کے اداکاروں میں شامل ہیں۔

ماہا حسن
ماہا حسن بھی سیریز کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ وہ پاکستانی ٹیلی وژن کے مختلف ڈراموں میں اپنی اداکاری دکھا چکی ہیں اور اس پروجیکٹ کے ذریعے نیٹ فلکس پر اپنا ڈیبیو کریں گی۔

شہزین درید
شہزین درید سیریز میں فیضان کا کردار ادا کریں گے۔
شہزین درید ہدایت کارہ مومنہ درید اور پروڈیوسر درید قریشی کے صاحبزادے اور سلطانہ صدیقی کے پوتے ہیں۔ یہ ان کا پہلا اداکاری کا پروجیکٹ ہے، جس کے ذریعے وہ نیٹ فلکس پر اپنا ڈیبیو کریں گے۔

سیریز کی ریلیز کب ہوگی؟
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ 4 دسمبر 2026 کو نیٹ فلکس پر دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔ سیریز کا ٹریلر پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ پاکستان کے معروف اداکاروں کی بڑی تعداد میں شمولیت کے باعث اسے شائقین کی توجہ حاصل ہے۔







