وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عمارت گرنے کے واقعے، اس کے اسباب اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ ایسا کوئی واقعہ برداشت نہیں کریں گے جس کے نتیجے میں انسانی جانیں ضائع ہوں یا شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور کسی کو بھی جواب دہی سے استثنیٰ نہ دیا جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور ضیا الحسن لنجار، کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ تفصیلی بریفنگ اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو صوبائی ذمہ داریوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔
مراد علی شاہ نے وسیم شمشاد کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے بھی ہٹانے اور مزید کارروائی کے لیے وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے ان کی فوری معطلی اور واقعے میں ان کے کردار کی باضابطہ انکوائری کرانے کی سفارش بھی کی۔
ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ وزیر داخلہ کی سفارش پر مبینہ غفلت کے الزام میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اسی طرح سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 16 متعلقہ افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران اگر کسی افسر یا ملازم کی غفلت، بدعنوانی یا فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عمارت کی تعمیر سے منسلک افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پولیس کو عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو یہ بھی ہدایت کی کہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور اسٹرکچرل انجینئر کو تحقیقات میں شامل کیا جائے تاکہ تعمیراتی عمل میں ان کے کردار اور ذمہ داریوں کا تعین ہوسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ اس بات کی مکمل چھان بین کی جائے کہ عمارت کی تعمیر منظور شدہ نقشے، متعلقہ بلڈنگ قوانین اور حفاظتی معیارات کے مطابق کی گئی تھی یا نہیں۔ اس کے ساتھ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ متعلقہ سرکاری اداروں نے تعمیراتی مراحل کے دوران اپنی ذمہ داریاں پوری کیں یا نہیں۔
مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحقیقات شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سانحے کا ذمہ دار کوئی بھی شخص احتساب سے نہیں بچنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر سرکاری محکمے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عمارتوں کی تعمیر، منظوری اور نگرانی کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔







