ناسا کے سائنس دانوں کو اس خرابی کا پتا 14 نومبر کو چلا، جو ایک نوری دن کا تاریخی سنگِ میل عبور کرنے سے محض پانچ روز قبل پیش آئی۔ خرابی کے باعث خلائی جہاز نے سائنسی اور تکنیکی معلومات بھیجنا بند کردی ہیں، تاہم زمین پر اب بھی اس کا ریڈیو سگنل موصول ہورہا ہے۔ اس سگنل میں سائنسی آلات سے حاصل ہونے والا ڈیٹا شامل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جو روشنی 24 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔ یہ فاصلہ تقریباً 16 ارب میل یا 26 ارب کلومیٹر بنتا ہے۔
سی این این کے مطابق اگرچہ وائجر 1 سے سائنسی معلومات موصول نہیں ہورہیں، تاہم انجینئرز نے اس کے خالی ریڈیو سگنل اور رفتار کے حساب کتاب کی مدد سے تصدیق کرلی ہے کہ خلائی جہاز یہ تاریخی فاصلہ کامیابی سے عبور کرچکا ہے۔
ستمبر 1977 میں خلا میں بھیجا جانے والا یہ 49 سالہ خلائی جہاز اپنی متوقع مدت سے تقریباً 10 گنا زیادہ عرصے سے کام کررہا ہے۔ ناسا کے مطابق خلائی جہاز سے خالی سگنل کی وصولی اس بات کی علامت ہے کہ اس کا نیویگیشن کمپیوٹر اب بھی اس کا رخ درست طریقے سے زمین کی جانب رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کے مطابق اصل خرابی ممکنہ طور پر اس اندرونی کمپیوٹر میں پیدا ہوئی ہے جو سائنسی آلات سے معلومات جمع کرکے انہیں زمین پر بھیجنے کے قابل بناتا ہے۔ وائجر 1 پر نصب 10 سائنسی آلات میں سے بجلی کی بچت کے لیے پہلے ہی آٹھ آلات بند کیے جاچکے ہیں، جبکہ اب صرف دو آلات کام کررہے ہیں۔
وائجر 1 کی ٹیم خرابی دور کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کررہی ہے، تاہم زمین سے خلائی جہاز کا انتہائی زیادہ فاصلہ اس عمل کو مشکل اور سست بنا رہا ہے۔ زمین سے بھیجا جانے والا کوئی بھی پیغام یا کمانڈ خلائی جہاز تک پہنچنے میں 24 گھنٹے لیتی ہے، جبکہ اس کا جواب واپس زمین تک آنے میں مزید 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ اس طرح کسی معمولی تبدیلی کے نتائج جاننے کے لیے بھی سائنس دانوں کو دو دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔
کیلیفورنیا میں واقع ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے ترجمان کے مطابق یہ مسئلہ تاحال برقرار ہے اور انجینئرز اسے حل کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔
حیران کن طور پر موجودہ خرابی تین سال قبل 14 نومبر 2023 کو پیش آنے والے واقعے سے کافی حد تک ملتی جلتی ہے، جب وائجر 1 نے اسی طرح سائنسی معلومات بھیجنا بند کردی تھیں۔ اس وقت انجینئرز نے خلائی جہاز کے فلائٹ ڈیٹا سب سسٹم نامی کمپیوٹر میں ایک خراب چپ کی نشاندہی کی تھی۔
چونکہ خلا میں موجود خلائی جہاز تک رسائی حاصل کرکے چپ تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے ناسا کے ماہرین نے سافٹ ویئر میں تبدیلیاں کرتے ہوئے کمپیوٹر کی باقی ماندہ میموری میں پروگرام کو ایڈجسٹ کیا۔ اس کوشش کے نتیجے میں اپریل 2024 میں خلائی جہاز سے سائنسی معلومات کی وصولی دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔
ناسا نے تاحال حتمی طور پر تصدیق نہیں کی کہ حالیہ خرابی بھی اسی کمپیوٹر کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے، تاہم دستیاب شواہد اسی امکان کی جانب اشارہ کررہے ہیں۔
اس سے قبل اکتوبر کے آخر میں بھی وائجر 1 کا زمین سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا تھا اور دو روز تک اس کا کوئی سگنل موصول نہیں ہوا تھا۔ اگرچہ یہ مسئلہ خود بخود حل ہوگیا، تاہم اس واقعے نے سائنس دانوں کو یاد دلایا کہ تقریباً پانچ دہائیوں سے خلا میں سفر کرنے والا یہ خلائی جہاز اب اپنے آخری دور سے گزر رہا ہے۔
ناسا اس بات کی بھی تحقیقات کررہا ہے کہ آیا اکتوبر میں رابطہ منقطع ہونے اور حالیہ سائنسی ڈیٹا کی ترسیل رکنے کے واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
فی الحال یہ پیش گوئی کرنا ممکن نہیں کہ وائجر 1 مزید کتنے عرصے تک کام کرسکے گا۔ کئی دہائیوں سے مشن کنٹرول کے ماہرین اندازہ لگاتے رہے ہیں کہ یہ خلائی جہاز شاید مزید تین سے پانچ سال تک ہی کام کرسکے گا، تاہم ہر بار سائنس دانوں نے اپنی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کی مدد سے اس کی عمر میں مزید اضافہ کیا ہے۔
وائجر 1 اور اس کے جڑواں خلائی جہاز وائجر 2 کو ابتدا میں صرف پانچ سالہ مشن کے لیے تیار کیا گیا تھا، جس کا مقصد مشتری اور زحل جیسے سیاروں کا مطالعہ کرنا تھا۔ تاہم دونوں خلائی جہازوں نے اپنی متوقع مدت سے کہیں زیادہ عرصے تک کام جاری رکھا اور بالترتیب 2012 اور 2018 میں نظامِ شمسی کی حفاظتی حدود عبور کرکے ستاروں کے درمیان موجود خلا میں داخل ہوگئے۔
یہ دونوں خلائی جہاز آج بھی کائنات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنے اور ایسے رازوں سے پردہ اٹھانے میں مصروف ہیں جن تک انسانی رسائی اب تک ممکن نہیں ہوسکی۔







