اسلام آباد میں جموں و کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے زیر اہتمام ’’مکالمہ پائیدار امن کا ضامن‘‘ کے عنوان سے منعقدہ مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پونچھ کے عوام کی ایک طویل تاریخ اور ان کے اسلاف کی قربانیاں ہیں۔ راولاکوٹ کے لوگ ہمیشہ اپنے ملک سے وفاداری اور اس کے دفاع کے لیے پیش پیش رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں دھرنوں اور احتجاج کے باعث خواتین اور عام شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ معمولات زندگی متاثر ہونے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میں دھرنے پر بیٹھے افراد کو بتانا چاہیے کہ ایسا کون سا مسئلہ درپیش ہے جس کے لیے اسلحہ اٹھانا ضروری ہوگیا ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور بندوق کے زور پر عوام کو یرغمال بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلح عناصر ہتھیار ڈالیں اور امن کا راستہ اختیار کریں۔ ان کے مطابق مہاجرین کی نشستوں سے متعلق مطالبے کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں، اس لیے حکومت کو اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے قانون کی عملداری یقینی بنانی چاہیے۔

سردار تنویر الیاس نے امن جرگے کی کوششوں کو تقویت دینے پر بھی زور دیا تاکہ علاقے میں امن بحال ہو اور معمولات زندگی دوبارہ معمول پر آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی نظریاتی وابستگی غیر متزلزل ہے اور نظریہ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام قومی وابستگی کا بنیادی حصہ ہیں۔ تاہم ریاست جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت اور مسئلہ کشمیر کے بنیادی مؤقف کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔

کانفرنس میں سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، سابق صدر ریاست سردار مسعود خان، رکن قانون ساز اسمبلی فرزانہ یعقوب، رکن کشمیر کونسل عدنان سیاب خالد، جے کے پی پی کے مرکزی رہنما سردار حسن ابراہیم خان اور سابق امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی بریگیڈیئر محمد خان، سابق معاون خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار امتیاز خان، جے کے پی پی کے سیکریٹری جنرل سردار اسد ابراہیم خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد امیدواروں سردار رئیس انقلابی اور سردار عنایت اللہ عارف بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں پونچھ کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔