مصر کی وزارت صحت کے مطابق حادثہ بدھ کے روز جیزہ کے علاقے امبابہ کے محلے الوراق میں ایک سرنگ کے اوپر پیش آیا۔ ٹرک الٹنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی، جس نے قریبی علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ٹرک بے قابو ہو کر سڑک کے درمیان قائم حفاظتی رکاوٹ سے ٹکرایا اور الٹ گیا، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور آگ پھیل گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

عدالتی حکام کے مطابق حادثے میں 27 گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔ وزارت صحت نے امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے حادثہ پر روانہ کیں، جن کے ذریعے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

مصر کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ان کی لاشوں سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مصر کی کابینہ کے مطابق وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے تمام طبی اخراجات ریاست برداشت کرے گی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھا جا رہا ہے۔