ایئرپورٹ پر استقبال کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کسی اسپیکر کا اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات میں ایک اہم تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ، ثقافت اور روایات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو مزید فروغ دینے اور پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیشی اسپیکر کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری اور باہمی اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔

دورہ لاہور کے دوران بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اپنے وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے، جہاں ان کی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے اہم ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات میں پارلیمانی امور اور دونوں ملکوں کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے وزارت خارجہ اور رکن پارلیمنٹ جہرات ادیب چودھری، ارکان پارلیمنٹ ہمام قادر چودھری، محمد نذیب الرحمان، نیلوفر چودھری مونی اور ناصر الرحمان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ ڈھاکہ کے ڈائریکٹر (ایس اے ٹو) زکریا بن امجد اور اسپیکر کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری محمد اکبر حسین بھی وفد کا حصہ ہیں۔

بنگلہ دیشی اسپیکر اور پارلیمانی وفد کے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے حوالے سے اہمیت دی جا رہی ہے۔ لاہور میں ہونے والی ملاقاتوں اور پارلیمانی سرگرمیوں سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تعاون، مشترکہ امور پر تبادلہ خیال اور تاریخی و ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی راہیں ہموار ہونے کی توقع ہے۔