ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں غزہ کے بچوں نے مارک رافیلو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیلو مارک! ہم آپ کے لیے بنائی گئی ڈرائنگ کے سامنے کھڑے ہیں۔‘

بچوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عام ڈرائنگ نہیں بلکہ غزہ کے بچوں کی دھڑکن اور آواز ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی بات دنیا تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ پینٹنگز غزہ کے خوبصورت بچوں کی جانب سے آپ کو بھیج رہے ہیں۔ ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کا شکریہ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ہمارا پیغام دیکھیں گے۔‘

بچوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ خصوصی آرٹ ورک مارک رافیلو کے لیے تیار کیا ہے تاکہ جنگ، تباہی اور مشکلات کے باوجود غزہ کے بچوں کی آواز ان تک پہنچ سکے۔

ویڈیو پیغام میں بچوں نے کہا کہ ’ہم محض اپنی پینٹنگز نہیں بنا رہے بلکہ آرٹ کے ذریعے اپنی آواز تمام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دنیا بھر کے لوگ ہمارا یہ پیغام مارک رافیلو تک پہنچانے میں مدد کریں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’مارک رافیلو، ہم آپ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔ ہم صرف اعداد نہیں، ہم اب بھی یہاں ہیں۔

غزہ کے بچوں کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ یہ پینٹنگ ان کے لیے محض ایک فن پارہ نہیں بلکہ ان کے وجود، امید اور زندہ رہنے کی علامت ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ محترم مارک، دھوئیں اور اندھیرے کے درمیان ہم آپ کو دیکھتے ہیں۔ جب دنیا خاموشی اختیار کرتی ہے تو آپ ہماری انسانیت کے لیے آواز اٹھاتے ہیں، آج ہم چاہتے تھے کہ آپ ہماری آواز بھی سنیں۔

مزید پڑھیں: اداکار تھے تو دلوں میں جگہ بنائی، وزیراعلیٰ بنے تو مسلمان خواتین کی پڑھائی کا ذمہ اٹھا لیا

بچوں نے کہا کہ ہم نے اپنے کانپتے ہاتھوں سے اور اپنے اردگرد سب کچھ بکھرنے کے باوجود یہ ڈرائنگ آپ کے لیے بنائی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ غزہ کے بچوں کی معصوم آوازیں آپ کے دل تک پہنچیں۔ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اب بھی زندہ ہیں اور اب بھی ہمارے خواب ہیں۔

خیال رہے کہ مارک رافیلو نے مارول سنیماٹک یونیورس کی فلموں میں ’ہلک‘ کا کردار ادا کیا ہے اور غزہ کے معاملے پر اپنی آواز اٹھانے والی معروف عالمی شخصیات میں شامل رہے ہیں۔