ٹی ڈی سی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا کے مطابق ریلی کا مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ ان کے مطابق سیاحوں اور شرکاء کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات جاری ہیں۔
ریلی کا شیڈول کیا ہوگا؟
5 نومبر کو کوٹ ادو کے چھانگا مانگا ٹیلا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور تکنیکی و طبی معائنہ ہوگا، جب کہ شام کو ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزورٹ، تونسہ بیراج میں ڈرائیورز کانفرنس اور قرعہ اندازی منعقد کی جائے گی۔
6 نومبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ ہوگا، جب کہ 7 نومبر کو اسٹاک کیٹیگری کی ریس منعقد ہوگی۔ اسی شام ڈولفن ریزورٹ میں ثقافتی پروگرام اور آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
8 نومبر کو پری پیئرڈ، ویمن، ڈرٹ بائیک، کواڈ بائیک اور 6x6 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ ریلی کی تقریبِ تقسیمِ انعامات رات 8 بجے سرکٹ ہاؤس مظفرگڑھ میں منعقد ہوگی۔
ریلی کے دوران لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں ثقافتی شوز، فیملی گالا، جھمر، میوزیکل نائٹس، نیزہ بازی اور روایتی کھیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق تھل ڈیزرٹ ریلی جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا ذریعہ بنے گی۔







