غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ میگھن مارکل اور اپنے بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ طویل قیام کے لیے برطانیہ واپس آئے تھے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری نے شہزادی ڈیانا کے قریبی دوستوں اور ان سے وابستہ افراد سے فلم کا حصہ بننے کے حوالے سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ منصوبے میں ڈیانا کی زندگی، ان کے تجربات اور شاہی خاندان و میڈیا کے ساتھ ان کے تعلقات کو موضوع بنایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل فلم میں محض پسِ پردہ معاونت تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ انہیں فلم کی راوی بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یوں ڈیانا کی کہانی میگھن کی آواز میں بیان کی جائے گی، جب کہ شہزادہ ہیری ممکنہ طور پر اپنی والدہ کے بیٹے کے طور پر فلم میں خود بھی نظر آ سکتے ہیں۔
ایک پروڈکشن ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ میگھن کو محض مختصر کردار نہیں دیا جا رہا، وہ ڈیانا کی کہانی کی آواز بن رہی ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس منصوبے میں شہزادہ ہیری اور میگھن اپنی زندگی کے تجربات اور شہزادی ڈیانا کے شاہی محل اور میڈیا کے ساتھ تنازعات کے درمیان مماثلت دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کا نام، پروڈکشن ٹیم اور ریلیز کی تاریخ سمیت منصوبے کی بیشتر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں، جب کہ شہزادہ ہیری یا میگھن مارکل کی جانب سے اس مبینہ فلم کی باضابطہ تصدیق بھی نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ اگلے سال شہزادی ڈیانا کی وفات کی 30ویں برسی کے موقع پر سامنے آنے کی صورت میں خاص اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: مومنہ اقبال کی بہن کو آسٹریلیا منتقل کرنے میں مدد اور اپنی کمپنی میں ملازمت دی، ثاقب چدھڑ کے نئے دعوے
شہزادی ڈیانا، جو کنگ چارلس سوم کی سابق اہلیہ تھیں، 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھیں۔
ادھر ایک شاہی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ ہیری کی جانب سے اپنی والدہ پر فلم بنانا ایک الگ معاملہ ہے، تاہم میگھن کا ڈیانا کی کہانی کی راوی بننا شاہی خاندان خصوصاً شہزادہ ولیم کے لیے زیادہ حساس معاملہ ہو سکتا ہے۔ تاہم اس دعوے کی بھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔







