مقدمے کی سماعت کے دوران اقرار الحسن اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ کارروائی کے دوران عدالت نے ان کے خلاف عائد الزامات پڑھ کر سنائے اور باقاعدہ فرد جرم عائد کی۔ تاہم ٹی وی اینکر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صحت جرم سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے مقدمے کو باقاعدہ ٹرائل کے مرحلے میں داخل کرتے ہوئے استغاثہ کو شواہد پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی مزید کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو بھی آئندہ پیشی پر اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سماعت کے دوران اقرار الحسن کے وکیل احمد مسعود ایڈووکیٹ نے تحویل میں لیے گئے موبائل فونز اور آئی پیڈ کی واپسی کے لیے درخواست دائر کی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اقرار الحسن کی گرفتاری کے وقت ان کے زیر استعمال موبائل فونز اور آئی پیڈ تحویل میں لیے گئے تھے، جبکہ ان کی اہلیہ کا موبائل فون بھی حکام نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ضبط کیے گئے الیکٹرانک آلات کا فرانزک تجزیہ مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس کردیا جائے گا، تاہم فرانزک کارروائی کے باوجود تاحال یہ آلات واپس نہیں کیے گئے۔
وکیل احمد مسعود ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ اقرار الحسن اور ان کی اہلیہ کے زیر استعمال تحویل میں لیے گئے موبائل فونز اور آئی پیڈ واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکٹرانک آلات کی واپسی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو پیر کے روز سنائے جانے کا امکان ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پیر تک فرانزک رپورٹ بھی موصول ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد درخواست پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ٹی وی اینکر اقرار الحسن اس مقدمے میں ضمانت پر ہیں، جبکہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد اب مقدمے میں استغاثہ کے گواہان اور شواہد پیش کیے جائیں گے۔







