خط میں چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے فوری عدالتی مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے عمران خان کو 24 گھنٹوں کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور بشریٰ عمران خان کو ان کی فیملی کی پسند کے اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے خط میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل آزاد میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو طبی معائنے اور علاج میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے بجائے پمز لے جایا گیا جبکہ آزاد میڈیکل بورڈ بھی تشکیل نہیں دیا گیا۔ اس طرح فیصلے کے تحت مقرر کردہ 72 گھنٹوں میں اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
عمران خان کی صحت اور جیل میں تنہائی کا معاملہ
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ چکا ہے اور انہیں دماغی ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ لاحق ہے جبکہ ان کی دائیں آنکھ کی تقریباً 85 فیصد بینائی متاثر ہوچکی ہے۔
خط کے مطابق عمران خان کو 20 دسمبر 2025 سے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ اس دوران انہیں اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹوں اور بنیادی سہولیات سے محرومی کا بھی سامنا ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی تنہائی ختم کی جائے، اہل خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بحال کی جائیں اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر رابطے کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ ان کے ذاتی معالج اور بہن کو علاج کے تمام مراحل میں رسائی دینے اور مکمل طبی ریکارڈ اہل خانہ کو فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
بشریٰ بی بی کی دوسری سرجری کا معاملہ بھی خط میں شامل
مشترکہ خط میں بشریٰ عمران خان کی طبی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2026 میں آنکھ کی پیچیدہ سرجری کے بعد انہیں دوسری سرجری کی ضرورت ہے تاہم اہل خانہ کو ان کے طبی ریکارڈ تک مکمل رسائی حاصل نہیں جبکہ انہیں اپنے وکلا سے بھی صرف ایک ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بشریٰ عمران خان کو ان کے خاندان کی پسند کے خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کی دوسری سرجری سمیت ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اقوام متحدہ کے بیان کا حوالہ اور عدالتی نگرانی کا مطالبہ
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کے 19 نومبر 2026 کے بیان کا بھی حوالہ دیا ہے۔ اس بیان میں عمران خان کی رہائی، مناسب طبی علاج اور پاکستان میں سیاسی کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
خط میں آئین کے آرٹیکلز 9، 10 اے، 14 اور 25 کا حوالہ دیتے ہوئے عدالتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے علاج کے لیے ماہر امراض قلب، ماہر امراض چشم، جنرل سرجن اور ماہر امراض داخلی پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
اس کے علاوہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے عدالتی افسر یا لوکل کمیشن مقرر کرنے، زیر التوا توہین عدالت کی درخواست اور متعلقہ اپیلوں کی فوری سماعت کرنے اور ذمہ دار سرکاری حکام کا تعین کرکے انہیں جواب دہ بنانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
خط کے اختتام پر اپوزیشن رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ دوران حراست عمران خان یا بشریٰ عمران خان کو کوئی نقصان پہنچنے کی صورت میں ریاست ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے عدالتوں پر زور دیا ہے کہ انسانی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر فوری آئینی اور قانونی کردار ادا کیا جائے۔







