وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو ملک کی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جب کہ موجودہ ملکی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی حالیہ دنوں میں ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے معاملات پر مختلف سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم سے ملاقات سے قبل محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام، امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے چوہدری شجاعت حسین کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا تھا۔

اس سے قبل 21 نومبر کو محسن نقوی نے لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات پر گفتگو ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی کی دوسری آنکھ کی سرجری اور عمران خان کی جیل میں تنہائی، مشترکہ خط میں کیا مطالبات کیے گئے؟

وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی تھی، جس میں ملک کو درپیش موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تمام معاملات کا حل بات چیت اور باہمی مشاورت سے نکالنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔