الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق امدادی ٹرک مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے رفح بارڈر کے راستے غزہ پہنچے ہیں جہاں گوشت کے ڈبے بے گھر اور متاثرہ فلسطینی خاندانوں اور بچوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت کے پیش نظر یہ امداد ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو غذائی سہارا فراہم کرے گی جبکہ پاکستان سے دسمبر کے آغاز میں مزید 300 ٹن امدادی سامان بھجوایا جائے گا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے غذائی امداد کے ساتھ جنگ اور حالیہ بارشوں و سیلاب سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کے لیے موسم سرما کا امدادی پیکج بھی شروع کر دیا ہے۔
اس پیکج کے تحت خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے والے خاندانوں کو خیمے، ترپالیں، میٹرس، لحاف، گرم کپڑے اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی، مسلسل بارشوں اور رہائشی سہولیات کی تباہی نے پہلے سے بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نے بتایا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 10 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ 7 ہزار 580 ٹن امدادی سامان غزہ بھجوایا گیا ہے۔
ان کے مطابق فاؤنڈیشن غذائی اور موسمی امداد کے علاوہ متاثرہ فلسطینی خاندانوں کو تعلیم، صحت اور کفالت کے شعبوں میں بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فلسطینی متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ سردی اور سیلاب سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے عطیات فراہم کریں۔







