جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور کی طرف سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے پولیس کا جواب عدالت میں جمع کرایا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو نہ تو گرفتار کیا ہے اور نہ ہی انہیں ہاؤس اریسٹ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کسی مقدمے میں مطلوب بھی نہیں ہیں۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز کسی شخص کی وفات پر تعزیت کے لیے گئے تھے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ان کے تعزیت کے لیے جانے کا پولیس کے پاس کیا ثبوت موجود ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ متعلقہ ویڈیوز اور تصاویر منگوائی جائیں تاکہ ان کا جائزہ لیا جاسکے۔ دوسری جانب درخواست گزار وکیل ابرار حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو 24 نومبر کو نظر بند کیا گیا تھا اور اس حوالے سے درخواست کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرایا گیا ہے، تاہم پولیس نے صرف ایک رپورٹ پیش کی ہے۔

درخواست گزار کے مؤقف اور پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے بعد عدالت نے معاملے کی مزید وضاحت کے لیے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ریمارکس دیے کہ سی سی پی او لاہور کو بلا کر ان سے براہ راست صورت حال معلوم کرلیتے ہیں تاکہ پولیس کا مؤقف بھی سامنے آسکے۔

عدالت نے کارروائی کچھ دیر کے لیے ملتوی کرتے ہوئے سماعت دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی بازیابی کے لیے مقامی وکیل ابرار حسین نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہیں نظر بند کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے اپنے جواب میں گرفتاری اور ہاؤس اریسٹ کی تردید کی ہے۔ اب عدالت میں پولیس کے مؤقف اور درخواست گزار کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔