لیکن سوال یہ ہے کہ خواتین اپنے ہی خاندان کے ہاتھوں کیوں قتل ہو رہی ہیں؟ کیا یہ واقعات اچانک پیش آتے ہیں یا ان کے پیچھے تشدد، دھمکیوں اور جبر کی ایک طویل کہانی ہوتی ہے؟ اور پاکستان میں ہر سال کتنی خواتین گھریلو تشدد اور غیرت کے نام پر قتل ہوتی ہیں؟

دنیا بھر میں خواتین کے قتل کے اعداد و شمار کیا بتاتے ہیں؟

اقوام متحدہ کے اداروں یو این ویمن اور یو این او ڈی سی کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق، صرف 2024 میں دنیا بھر میں تقریباً 83 ہزار خواتین اور لڑکیاں قتل ہوئیں۔

ان میں سے تقریباً 50 ہزار خواتین کو ان کے شوہروں، موجودہ یا سابقہ ساتھیوں یا خاندان کے دیگر افراد نے قتل کیا۔ اس کا مطلب ہے کہ خواتین کے قتل کے ہر 10 میں سے تقریباً 6 واقعات میں قاتل کوئی اجنبی نہیں بلکہ ان کا اپنا قریبی شخص تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایسے قتل کی سب سے زیادہ تعداد افریقہ میں ریکارڈ کی گئی، جہاں تقریباً 22 ہزار 600 خواتین اور لڑکیاں قتل ہوئیں، جب کہ ایشیا میں یہ تعداد تقریباً 17 ہزار 400 رہی۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ خواتین کے لیے خطرہ ہمیشہ گھر سے باہر موجود نہیں ہوتا، بعض اوقات وہ اپنے ہی گھر اور قریبی رشتوں میں عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہیں۔

پاکستان میں چار سال کے دوران کتنی خواتین قتل ہوئیں؟

اب پاکستان کی صورتحال دیکھتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے پیش کیے گئے نیشنل پولیس بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2024 کے درمیان ملک میں گھریلو تشدد کے تحت قتل کے 5 ہزار 948 واقعات درج ہوئے۔

اسی عرصے میں غیرت کے نام پر قتل کے ایک ہزار 553 واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے۔ یعنی سرکاری ریکارڈ میں ان دونوں الگ الگ کیٹیگریز کے تحت مجموعی طور پر 7 ہزار 501 واقعات سامنے آئے۔

گھریلو تشدد کے تحت قتل کے واقعات میں اضافہ کیوں تشویش ناک ہے؟

سالانہ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو 2021 میں گھریلو تشدد کے تحت قتل کے ایک ہزار 431 واقعات درج ہوئے۔ 2022 میں یہ تعداد کم ہو کر 809 رہ گئی، تاہم 2023 میں دوبارہ بڑھ کر 2 ہزار 67 ہوگئی۔

2024 میں بھی ایسے ایک ہزار 641 واقعات رپورٹ ہوئے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گھریلو تشدد کے تحت قتل کے واقعات میں سال بہ سال اتار چڑھاؤ رہا، لیکن ہر سال بڑی تعداد میں ایسے واقعات سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنتے رہے۔

پاکستان میں غیرت کے نام پر کتنے قتل ہوئے؟

غیرت کے نام پر قتل کے واقعات بھی پاکستان میں ایک سنگین مسئلہ ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2024 کے درمیان ایسے ایک ہزار 553 واقعات درج کیے گئے، جب کہ صرف 2024 میں 405 واقعات رپورٹ ہوئے۔

یہاں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ گھریلو تشدد کے تحت قتل اور غیرت کے نام پر قتل سرکاری ریکارڈ میں الگ الگ کیٹیگریز ہیں۔ اس لیے انہیں ایک ہی نوعیت کے واقعات سمجھنا درست نہیں ہوگا۔

خواتین کو قتل کرنے سے پہلے خطرے کی علامات کیا ہوتی ہیں؟

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بہت سے واقعات سے پہلے خواتین کو مسلسل تشدد، دھمکیوں، ہراسانی اور ان پر کنٹرول کرنے جیسے رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کئی مرتبہ خواتین کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے، رشتوں کے انتخاب یا اپنے فیصلے خود کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں یہی تشدد بالآخر قتل پر ختم ہوتا ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ خواتین کے قتل کے واقعات ہمیشہ اچانک پیش نہیں آتے۔ ان سے پہلے خطرے کی کئی علامات موجود ہوتی ہیں، لیکن اکثر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

دنیا بھر کے اعداد و شمار ہوں یا پاکستان کے سرکاری ریکارڈ، یہ صورتحال ایک اہم سوال اٹھاتی ہے کہ اگر کسی خاتون کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہوں، اس پر تشدد ہو رہا ہو یا اسے اپنی مرضی سے زندگی گزارنے سے روکا جا رہا ہو تو اس کی حفاظت کے لیے بروقت کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟

خواتین کے تحفظ کے لیے صرف قوانین بنانا کافی نہیں، ان پر مؤثر عملدرآمد، تشدد کی ابتدائی علامات کو سنجیدگی سے لینا اور متاثرہ خواتین کو بروقت تحفظ فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔