چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 25 نومبر کو شینزو 24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی قیادت، سفیر اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے، جس نے اسے اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ ان کے مطابق ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہے۔ اس سے نوجوان مستقبل میں چاند اور اس سے آگے کی منزلیں حاصل کرنے کے لیے متحرک ہوں گے۔

انہوں نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے چینی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور اس کامیابی میں پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے (سپارکو)، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد کے لیے اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی سفیر سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے نام تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے۔

اس موقع پر پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گفتگو میں رواں سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات اور سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔