محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا تاہم بالائی اضلاع میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ رات کے وقت صوابی، نوشہرہ اور ملحقہ علاقوں میں دھند چھا سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں دھند اور سموگ کی پیشگوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور اور گردونواح میں بھی رات کے وقت دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم شمالی اضلاع میں موسم سرد رہے گا۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں منفی 8 اور اسکردو میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح گلگت، بابوسر اور گوپس میں منفی 2 جبکہ استور اور بگروٹ میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔







