بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے زیر اہتمام ’تہذیبوں کے مکالمے‘ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر مصدق ملک نے اردو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں دورے کے تجربات،انڈین حکام اور میڈیا کے رویے، علاقائی مسائل اور پاکستان بھارت تعلقات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا سب سے یادگار پہلو آن کیمرہ ہونے والی تند و تیز گفتگو اور آف کیمرہ ہونے والے منطقی تبادلہ خیال کے درمیان واضح فرق تھا۔
ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق انہیں اس بات پر خوشی ہوئی کہ کیمرے کے سامنے سخت مؤقف اختیار کرنے والے ماحول کے باوجود ایسے افراد بھی موجود تھے جو پس پردہ دلیل کے ساتھ بات کرنے اور دوسرے کا نقطہ نظر سننے کے لیے تیار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دو مواقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو قدرے تلخ ضرور ہوئی، تاہم مجموعی طور پر دورے کے دوران برداشت اور رواداری کا ماحول رہا اور بطور مہمان ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے انڈین میزبانی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہیں نئی دہلی کے اہم تاریخی مقامات کی سیر کروائی گئی، جہاں موجود ماہر ٹور گائیڈز نے ان مقامات کی تاریخ اور تعمیر کے مختلف ادوار سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ وہ اپنے ساتھ تحفے میں ملنے والی شاعری، ادب اور تاریخ کی کتابیں بھی پاکستان لے کر آئے ہیں، جو اس دورے کی خوشگوار یادوں کا حصہ ہیں۔
انڈیا میں ایس سی او کے اجلاس سے اردو زبان میں خطاب کرنے اور مرزا غالب و علامہ اقبال کی شاعری کا حوالہ دینے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ جہاں لوگ آپ کی زبان سمجھتے اور بولتے ہوں، وہاں اپنی زبان میں اظہار خیال کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مختلف عالمی فورمز پر بھی اردو بولنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم بھارت میں اردو کے فہم اور اس سے لوگوں کی واقفیت کے باعث انہیں اسی زبان میں گفتگو کرنا مناسب محسوس ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اردو میں تقریر کرنا پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ نہیں تھا بلکہ موقع پر ہی انہوں نے اپنی زبان میں بات کرنے کا فیصلہ کیا، دل کی بات دل کی زبان میں ہی بہتر انداز سے بیان کی جاسکتی ہے، اسی لیے انہوں نے خطاب کے لیے اردو کا انتخاب کیا۔
مرزا غالب اور علامہ اقبال کی شاعری سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں دونوں شعرا کے کلام سے پرانی دلچسپی ہے۔ دہلی میں مرزا غالب کے مزار کے قریب موجودگی ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دہلی کا ان کا پہلا دورہ تھا اور انہیں پہلے معلوم نہیں تھا کہ مرزا غالب کی قبر حضرت نظام الدین اولیا کے مزار کے احاطے میں واقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر خسرو اور مرزا غالب جیسی ادبی و تاریخی شخصیات سے منسوب مقام پر اردو زبان اور شاعری کا تذکرہ فطری بات تھی۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ انہیں انڈیا کے دورے کی ذمہ داری کے بارے میں باضابطہ اعلان سے چند روز قبل آگاہ کردیا گیا تھا۔ اس وقت وہ ترکیہ کے دورے پر تھے اور انہیں اندازہ تھا کہ ان کے بھارت جانے پر وہاں مختلف نوعیت کا ردعمل سامنے آسکتا ہے۔ ان کے مطابق ایک جانب ان کے دورے پر تنقید کی گئی، جبکہ دوسری طرف مہمان نوازی اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی خوشگوار رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دورے کے دوران انڈین میڈیا کی جانب سے ان سے دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سمیت مختلف معاملات پر سوالات کیے گئے، تاہم انہوں نے اپنے مؤقف کو اسی موضوع تک محدود رکھا جس کے لیے انہیں علاقائی فورم پر مدعو کیا گیا تھا، چونکہ تقریب کا بنیادی مقصد علاقائی مسائل اور ترجیحات پر تبادلہ خیال تھا، اس لیے انہوں نے اسی دائرے میں رہتے ہوئے گفتگو کی اور دوطرفہ معاملات پر کوئی باقاعدہ بات چیت نہیں ہوئی۔
نئی دہلی کے تاریخی مقامات کی سیر کے حوالے سے ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ انہوں نے پرانا قلعہ، لال قلعہ، ہمایوں کا مقبرہ اور قطب مینار دیکھا، تاریخی مقامات کے دورے کے دوران گائیڈز نے ان کی تعمیر، پس منظر اور مختلف ادوار میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ ہمایوں کے مقبرے اور تاج محل کے طرز تعمیر میں مماثلت بھی انہیں خاصی دلچسپ محسوس ہوئی۔
بھارت کے کھانوں اور مہمان نوازی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں انہیں پاکستانی پکوانوں سے ملتے جلتے کھانے بھی پیش کیے گئے، جبکہ گوشت کے مختلف پکوانوں سمیت دیگر علاقائی روایتی کھانوں کے ذریعے ان کی خوب خاطر تواضع کی گئی۔
پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں بہتری کے امکانات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اس حوالے سے وہ کوئی حتمی رائے نہیں دینا چاہتے، تاہم ان کے خیال میں تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ کردار بھارت کو ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی بات چیت میں اپنی خودمختاری، وقار اور سالمیت کے بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتا۔
وفاقی وزیر نے اپنے دورے پر سوشل میڈیا میں ہونے والی بحث اور عوامی ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر انڈیا کا دورہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی رہنمائی، دفتر خارجہ کی معاونت اور نائب وزیراعظم کی مشاورت بھی شامل رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں اور حکومتی قیادت کے تعاون کے بغیر اس دورے کو اس انداز میں مکمل کرنا ممکن نہ ہوتا۔
ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق دورے کا مجموعی تجربہ مختلف نوعیت کے تاثرات پر مشتمل رہا، جہاں ایک طرف سیاسی اور میڈیا سطح پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا، وہیں دوسری جانب ذاتی ملاقاتوں، تاریخی مقامات کی سیر اور مہمان نوازی کے خوشگوار پہلو بھی سامنے آئے۔







