یونیورسٹی آف چکوال میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا مقصد باصلاحیت طلبہ کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ غربت یا مالی مشکلات کسی نوجوان کی صلاحیتوں اور مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔ ان کے مطابق تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور کسی ذہین طالب علم کو محض وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنے خواب ادھورے نہیں چھوڑنے چاہییں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت صوبے کے لاکھوں طلبہ کو تعلیمی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کا آغاز 30 ہزار اسکالرشپس سے کیا گیا تھا، تاہم طلبہ کو درپیش مالی مشکلات اور منصوبے کے مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے اس کا دائرہ کار بڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور قابل طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت سے والدین اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے غیر معمولی قربانیاں دیتے ہیں۔ بعض خاندان فیس کی ادائیگی کے لیے گھر کا سامان فروخت کرنے، کمیٹیاں ڈالنے اور اپنی بنیادی ضروریات میں کمی کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ کچھ طلبہ ایسے بھی ہیں جن کے والد یا والدہ اس دنیا میں موجود نہیں، جبکہ کئی خاندان انتہائی محدود آمدن میں بچوں کی تعلیم کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات کے باوجود یہ بچے ذہانت، قابلیت اور محنت میں کسی سے کم نہیں ہوتے، لیکن مالی وسائل کی کمی ان کی ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق کسی بھی حکومت کے لیے یہ افسوس ناک صورتحال ہے کہ ایک باصلاحیت نوجوان صرف غربت کی وجہ سے تعلیم جاری نہ رکھ سکے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اب ان کی تعلیم اور بہتر مستقبل کی ذمہ داری صرف والدین کی نہیں بلکہ حکومت بھی اس میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جاکر والدین کے پاؤں چھوئیں اور ان کی محنت، محبت اور قربانیوں پر شکریہ ادا کریں، کیونکہ آج وہ جس مقام پر پہنچے ہیں، اس کے پیچھے والدین کی طویل جدوجہد شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ اور اسکوٹی کی فراہمی جیسے اقدامات کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع دینا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مالی مشکلات کے باعث کسی بھی باصلاحیت طالب علم کو تعلیمی میدان میں دوسروں سے پیچھے نہ رہنا پڑے۔
مریم نواز نے چکوال میں جاری تعلیمی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ضلع میں اسکول آف ایکسیلنس کا افتتاح دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، جبکہ دو نواز شریف اسکول آف ایمننس بھی قائم کیے گئے ہیں، اسکول آف ایمننس صرف تعلیمی ادارے نہیں بلکہ ایسے بچوں کے لیے ترقی اور بہتر مستقبل کے مواقع ہیں جو محدود وسائل کے باعث معیاری تعلیم تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔
انہوں نے چکوال کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے گزشتہ ڈھائی سے تین برس کے دوران صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال بھی کیا اور کہا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ اس عرصے میں ضلع میں کتنی بہتری آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ کو اپنی اصل سرمایہ کاری اور تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی کامیابی ہی حکومت کی کامیابی ہے۔
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چکوال کی ترقی اور تعلیمی سہولتوں کے فروغ کے لیے پہلے سے زیادہ جذبے، لگن اور محنت کے ساتھ کام کریں گی، پنجاب میں تعلیم کے مواقع بڑھانا اور مستحق طلبہ کو آگے لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔







