پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اس سے قبل اسلام آباد میں دو ابتدائی اجلاس ہو چکے ہیں جبکہ انتظامی اور تیاریوں سے متعلق تمام امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ اجلاس میں سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی بات ہوگی۔

خواجہ آصف کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں مسلسل جاری بدامنی اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیاسی تعاون مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود بھی انتظامی اور ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر بند رہیں گے، تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر کھلے رہیں گے۔ آئیسکو، سوئی ناردرن گیس اور ہسپتالوں میں بھی معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔

دوسری جانب غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات شام چھ بجے سے ہفتے 28 نومبر کی رات ساڑھے 12 بجے تک موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھاری گاڑیوں کا دونوں شہروں میں داخلہ بند رہے گا۔ اس دوران فیض آباد بس ٹرمینل بھی بند رہے گا۔

جمعرات رات 10 بجے سے ہفتے کی رات ساڑھے 12 بجے تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس سیونتھ ایونیو اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان معطل رہے گی۔

مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل 3 اور 5 بھی جمعہ 27 نومبر کو صبح چھ بجے سے رات 11 بجے تک شہریوں کے لیے بند رہیں گے۔

پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھر سے نکلنے سے پہلے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مکہ دفاعی معاہدہ کب اور کیوں ہوا؟

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے رواں برس اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے ستمبر 2025 میں باہمی دفاعی تعاون کا عہد کیا تھا، جبکہ مکہ معاہدے کے ذریعے ترکیہ بھی اس شراکت داری میں شامل ہوگیا۔

معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ ان میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں معاہدے کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور تینوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بہتر بنانے پر بھی غور ہوگا۔

اس سے قبل 31 اگست کو استنبول میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری حکام کے اجلاس میں اتحاد کے معاملات میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تینوں ممالک نے دفاعی ٹیکنالوجی مشترکہ طور پر تیار کرنے اور اس کی پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

بعد ازاں 5 اکتوبر کو تینوں ممالک کے نمائندے ریاض میں جمع ہوئے، جہاں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات پر ہنگامی مذاکرات کیے گئے۔ اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔

اسی اجلاس میں پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی توثیق کی گئی۔ وہ تین سال تک یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔ پاکستان نے 23 ستمبر کو ان کی تقرری کا اعلان کیا تھا۔