ڈرامے کی مقبولیت کے پیش نظر نئی دہلی کے ایک کیفے میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں سب سے زیادہ گفتگو ابوبکر کے کردار کے گرد ہوتی رہی۔ مداحوں نے اس کردار کو مردوں کے لیے ایک اچھی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے خواتین کے ساتھ ساتھ مرد ناظرین کے دل بھی جیت لیے ہیں۔
ایک نوجوان مداح کا کہنا تھا کہ ابوبکر کا کردار مردوں کو اپنی بری عادتیں چھوڑ کر بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔ ایک دوسرے شریک نے مذاقاً کہا کہ انہوں نے خود ڈرامہ نہیں دیکھا لیکن ان کی اہلیہ ہر وقت ابوبکر کی تعریف کرتی رہتی ہیں۔
ایک اور مداح نے ابوبکر کی خوبیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی حقیقی انسان نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے تخلیق کیا گیا کردار محسوس ہوتا ہے کیونکہ اس میں اتنی خوبیاں ہیں کہ کسی عام انسان میں ان کا ہونا مشکل لگتا ہے۔ تاہم بعض ناظرین کا کہنا تھا کہ ابوبکر کوئی غیر معمولی کام نہیں کرتا بلکہ خواتین کے ساتھ بنیادی احترام سے پیش آتا ہے اور یہی بات اسے منفرد بناتی ہے۔
اسکریننگ میں شریک بھارتی ناظرین نے پاکستانی ڈراموں کے اندازِ کہانی کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں غیر ضروری طوالت سے گریز کرتی ہیں اور محدود اقساط میں مرکزی موضوع کو مؤثر انداز میں پیش کرتی ہیں۔
ایک مداح نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں کہانی کو بلاوجہ طول دینے کے بجائے مختصر اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جاتا ہے۔
تقریب میں دیگر کرداروں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایک خاتون مداح نے حمنہ کے بجائے زریاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ زریاب برصغیر کی عام خواتین کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔ بعض شرکاء کا خیال تھا کہ زامل کے کردار کو بھی درست رہنمائی کے ذریعے اپنی غلطیوں سے نکلنے کا موقع ملنا چاہیے۔
مداحوں کے مطابق ڈرامے کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کی کہانی مختلف عمر کے ناظرین سے تعلق پیدا کرتی ہے کیونکہ اس میں پیش کیے گئے حالات اور مسائل بہت سے لوگوں کی حقیقی زندگی سے ملتے جلتے ہیں۔
تقریب کو اس وقت مزید دلچسپ بنا دیا جب ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے ویڈیو کال کے ذریعے مداحوں سے رابطہ کیا۔ انہوں نے شائقین کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں ڈرامے کی تیاری اور اس کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بھی بتایا۔
واضح رہے کہ ’درِ نجات‘ معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری ثاقب خان نے کی ہے۔ ڈرامہ تھریز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پیش کیا گیا ہے۔
ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں درفشاں سلیم، شہریار منور، نمیر خان، سحر ہاشمی اور رومیسہ خان شامل ہیں۔ کہانی زریاب نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو دل ٹوٹنے کے بعد جدید طرزِ زندگی سے روحانی اور مذہبی راستے کی جانب سفر شروع کرتی ہے۔








