پشاور میں ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف تبدیلی کو قبول کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس عمل میں اپنا فعال کردار بھی ادا کرنا چاہیے۔ نوجوان ملک اور معاشرے کی ترقی میں اہم حصہ ڈال سکتے ہیں، اس لیے انہیں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر وہ پنجاب حکومت سے رابطہ کریں گے، اس معاملے کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے کوئی مناسب راستہ نکل آئے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی مختلف مسائل سے دوچار ہے اور ایسے حالات میں صوبہ مزید احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاکہ صوبے میں استحکام برقرار رہے اور عوامی مسائل پر توجہ دی جاسکے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے بیان کو مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر سیاسی رابطوں اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔







