بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاک چین خلائی تعاون کو دونوں ممالک کی دوستی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا، پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں، جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ان کے مطابق پاکستان چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن چکا ہے اور دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ کی بلند چوٹیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اب اپنے خلائی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرامید ہے اور آئندہ قمری مشن میں چاند پر اپنا روور بھیجنے کا خواہاں ہے، خلائی تحقیق میں پیش رفت پاکستان کے سائنسی اور تکنیکی شعبوں کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برس کے دوران تقریباً پانچ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں، جو ملک کی خلائی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں، خلا نورد ذیشان علی کے تجربات سے موسمیاتی تبدیلیوں اور مشکلات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیجوں کی تیاری سمیت جدید صنعتی مواد کی تحقیق میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی صرف خلائی تحقیق تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع دینے، موسمیاتی صورتحال کا جائزہ لینے اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر بنانے میں بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مختلف شعبوں میں منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کی صلاحیت بہتر بنانے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملکی معیشت کے مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اڑان پاکستان‘ کے تحت طویل المدتی معاشی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے مطابق پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر جبکہ قیام پاکستان کے 100 سال مکمل ہونے پر 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانا ہدف ہے۔

احسن اقبال کے مطابق ان اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کو معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں بھی اپنی استعداد بڑھانا ہوگی، پاک چین تعاون خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی ترقی اور مستقبل کے منصوبوں کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔