تلہ گنگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے انٹرویوز بھی کر لیے ہیں اور کل سے علاقے میں ضلعی انتظامیہ اپنا کام شروع کر دے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا جسے اب پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے اب پیچھے رہ گئے ہیں اور تاریخ نے انہیں ملیامیٹ کر دیا ہے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ تلہ گنگ میں اب تک 300 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس علاقے کو پہلے کبھی اتنا خوبصورت نہیں دیکھا اور تلہ گنگ کے عوام کی خدمت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے علاقے میں پانی کی قلت کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹمن ڈیم مکمل کر دیا گیا ہے، جبکہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر ڈیم بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئندہ دو برس کے دوران تلہ گنگ کی ترقی کے لیے مزید کام کیا جائے گا اور وہ علاقے کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے بعد یہاں سے جائیں گی۔







