رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سیاسی مفاہمت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت تمام کام باہمی رضامندی سے کرے اور سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی کھینچا تانی میں مصروف رہنے سے عوام کا نقصان ہوگا، جب کہ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت کو تمام کام باہمی رضامندی سے کرنے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے بڑوں نے غلطیاں کیں اور پھر ان سے سیکھا۔ میثاقِ جمہوریت کے بعد اب ہم ایک دوسرے کی حکومت گرانے کی سازش نہیں کرتے۔ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے سے گریز کریں تو عوام کی خدمت کے لیے کام کیا جا سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے ایس آئی یو ٹی کے منصوبے کو جاری رکھنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوتی تھی تو ان کے شروع کیے گئے منصوبے بھی بند کر دیے جاتے تھے، تاہم اگر آج یہ منصوبہ جاری ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ایک روایت قائم رکھی ہے اور وہ بھی اس روایت کو برقرار رکھ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں تو عوام کے لیے کام کیا جا سکتا ہے۔