یہ واقعہ 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کا ہے، جس کا انکشاف مکی آرتھر نے پوڈ کاسٹ پروگرام ’دی سپر اوور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

مکی آرتھر کے مطابق 17 مئی 2019 کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ون ڈے میں بابر اعظم نے 112 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے تھے۔

تاہم مکی آرتھر کو بابر اعظم کی اننگز میں ایک بات پسند نہیں آئی۔

ان کے مطابق بابر نے 78 گیندوں پر 90 رنز بنا لیے تھے، لیکن 90 سے 100 رنز تک پہنچنے کے لیے مزید 15 گیندیں کھیلیں۔ حیران کن بات یہ تھی کہ سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد انہوں نے اگلی دو گیندوں پر لگاتار دو چھکے بھی جڑ دیے۔

مکی آرتھر نے بتایا کہ انہوں نے ڈریسنگ روم میں پوری ٹیم کے سامنے بابر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں سنچری مکمل کرنے کے لیے 15 کے بجائے صرف 5 گیندیں لینی چاہیے تھیں۔

ان کے بقول اگر بابر ان 10 اضافی گیندوں پر کھیلتے تو پاکستان مزید تقریباً 15 رنز بنا سکتا تھا اور میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پاکستان نے میچ انہی 15 گیندوں کے دوران کھو دیا تھا۔

اس تنقید پر ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑی بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے مکی آرتھر سے کہا کہ بابر نے سنچری بنائی ہے، انہیں اس طرح تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

لیکن اس واقعے کا اثر بابر اعظم پر اتنا گہرا ہوا کہ انہوں نے ایک ہفتے تک مکی آرتھر سے بات نہیں کی۔

مکی آرتھر نے بتایا کہ اگرچہ ان کے اور بابر کے تعلقات اچھے تھے، لیکن اس واقعے کے بعد کچھ عرصے کے لیے دونوں کے درمیان خاموشی چھا گئی تھی۔

اسی گفتگو میں سابق کوچ نے 2019 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم کی ناقابلِ شکست سنچری کو بھی یاد کیا۔ بابر نے ایجبسٹن میں 126 گیندوں پر 101 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلائی تھی۔

مکی آرتھر نے اس اننگز کو اپنے دور میں بابر اعظم کی بہترین سنچری قرار دیا۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے اور ان کی کوچنگ میں پاکستان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔