سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے دوران خیبرپختونخوا بھر میں دہشت گردی کے 1557 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 7278 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ ان مقدمات میں 909 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 534 ملزمان ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں مفرور ملزمان کی تعداد 6022 بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے ضلع بنوں سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں رواں سال دہشت گردی کے 276 مقدمات درج کیے گئے۔ بنوں میں 46 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 1503 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے 213 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 1400 ملزمان نامزد ہیں، تاہم ان میں سے صرف 13 ملزمان کو گرفتار کیا جا سکا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے 206 مقدمات درج ہوئے، جن میں 738 ملزمان نامزد کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں دہشت گردی کے 176 مقدمات درج ہوئے، جن میں 869 ملزمان نامزد ہیں۔ ان میں سے 129 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 687 تاحال مفرور ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق باجوڑ میں دہشت گردی کے 134 مقدمات درج ہوئے، جن میں 42 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کوہاٹ میں 120 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 609 ملزمان نامزد ہیں، جبکہ 72 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر میں دہشت گردی کے مقدمات میں 523 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 54 گرفتار ہوئے۔ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے 86، مردان میں 83 اور کرم میں 69 مقدمات درج کیے گئے۔
اسی طرح ضلع مہمند میں دہشت گردی کے 50 مقدمات درج ہوئے، جن میں 90 ملزمان نامزد کیے گئے، جبکہ 21 کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق سوات میں رواں سال دہشت گردی کے 22 جبکہ کوہستان میں 11 مقدمات درج کیے گئے۔







