عالمی ادارہ صحت کی کینسر ایجنسی نے موبائل فون سے خارج ہونے والی ریڈیو فریکوئنسی ریڈی ایشن کو ’شاید کینسر کا باعث بننے والی‘ اشیا کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ تاہم اس درجہ بندی کا مطلب یہ نہیں کہ موبائل فون سے کینسر ہونے کا ثبوت مل چکا ہے، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ اس ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی فہرست میں ایلو ویرا اور ایک خاص قسم کا اچار بھی شامل ہیں۔

ریڈی ایشن دراصل توانائی کی مختلف شکلوں کو کہتے ہیں۔ ایکسرے کی شعاعوں میں موجود توانائی اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ وہ انسانی ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، تاہم موبائل فون سے خارج ہونے والی ریڈیو ویوز کی توانائی ایکسرے کے مقابلے میں لاکھوں گنا کم ہوتی ہے۔ اب تک موبائل فون کی ریڈیو ویوز کا ثابت شدہ اثر جسم میں معمولی حرارت پیدا کرنا ہے۔ تحقیق کے مطابق پوری طاقت سے کام کرنے والا فون بھی دماغ کا درجہ حرارت ایک ڈگری کے دسویں حصے جتنا بڑھا سکتا ہے۔

سال 2024 میں عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر 22 ممالک کی 63 بڑی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا، جس میں موبائل فون استعمال کرنے والوں میں برین کینسر کا بڑھتا ہوا خطرہ سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق رات کے وقت موبائل فون زیادہ تر سگنلز وصول کرتا ہے اور نسبتاً کم سگنلز بھیجتا ہے۔ فون اس وقت اپنی ترسیلی طاقت بڑھاتا ہے جب نیٹ ورک کے سگنلز کمزور ہوں، مثلاً لفٹ یا بیسمنٹ میں۔

اس کے برعکس بہتر سگنلز کی موجودگی میں فون کو کم طاقت استعمال کرنا پڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سگنل روکنے والے اینٹی ریڈی ایشن اسٹیکرز فون کی ترسیلی طاقت کم کرنے کے بجائے بعض صورتوں میں اسے بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

تاہم موبائل فون کو رات کے وقت سر کے قریب رکھنے کا ایک دوسرا خطرہ بھی سامنے آیا ہے۔ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں پر ہونے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ جن بچوں کے پاس رات کے وقت موبائل فون موجود تھا، ان کی نیند متاثر ہوئی، چاہے انہوں نے سونے سے پہلے فون استعمال کیا ہو یا نہیں۔

عالمی ادارہ صحت 2029 میں اس معاملے کا دوبارہ جائزہ لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ فی الحال دستیاب سائنسی شواہد موبائل فون کی ریڈی ایشن سے دماغ کو نقصان پہنچنے یا برین کینسر کا خطرہ بڑھنے کی تصدیق نہیں کرتے، تاہم رات کے وقت فون کی موجودگی اور نیند میں خلل کے درمیان تعلق کے شواہد ضرور سامنے آئے ہیں۔