پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور بانیانِ پاکستان کا وژن، عزم اور حوصلہ آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
مسلح افواج نے پاکستان کی آزادی کو حقیقت کا روپ دینے والے تمام شہداء اور قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے محبِ وطن شہریوں کی خدمات کو بھی سراہا اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین کی پاسداری اور قوم کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی قوم کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا عزم کیا۔
مسلح افواج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے اور قومی یکجہتی ہی ملک کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔







