انڈین میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق دھمکی موصول ہونے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی ٹیموں نے تینوں مقامات کی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک چیز یا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔
یہ واقعہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران موصول ہونے والی دھمکیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 6 نومبر کو بھی امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے گھر کا معائنہ کیا تھا۔
اس سے قبل 23 اکتوبر کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں میئر آفس، امیتابھ بچن کے گھر اور گلوکار دلجیت دوسانجھ کے 27 نومبر کو مہالکشمی ریس کورس میں ہونے والے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ای میل میں ایک اسکول پر دستی بم حملے کی دھمکی بھی شامل تھی، جبکہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ پر 31 اکتوبر سے 27 نومبر کے درمیان ممکنہ حملے کا ذکر کیا گیا تھا۔ بعد کی بعض ای میلز میں بمبئی ہائی کورٹ اور بمبئی اسٹاک ایکسچینج کے نام بھی سامنے آئے۔
مسلسل دھمکیوں کے باعث امیتابھ بچن کی جلسا کے باہر ہر اتوار مداحوں سے ملاقات کی روایت بھی سیکیورٹی خدشات کی زد میں آگئی ہے۔
حالیہ دنوں میں اداکار اپنے مداحوں کو شفاف بلٹ پروف شیلڈ کے پیچھے سے ہاتھ ہلا کر جواب دیتے دکھائی دیے۔ اس موقع پر ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہوں نے حفاظتی رکاوٹ کے بغیر بھی مداحوں سے ملاقات کی۔
پولیس دھمکی آمیز ای میلز کے ذرائع کا پتا لگانے اور ان کے باہمی تعلق کی تحقیقات کررہی ہے۔ تاحال مختلف مقامات کی تلاشی کے دوران کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔







