وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے مافیاز درحقیقت قومی مجرم ہیں، جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچانا نہ صرف بدعنوانی بلکہ عدالتی نظام اور ریاستی وسائل کے ساتھ سنگین دھوکا دہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اس معاملے کا نوٹس لے کر کارروائی کے احکامات دینا ایک قابل تحسین اور تاریخی اقدام ہے، کرپشن اور جرائم کے خاتمے کے لیے عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیج پر ہونا مثبت تبدیلی اور بہتر طرز حکمرانی کی نوید ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں تعاون پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا شکریہ بھی ادا کیا، سرکاری وسائل کو نقصان پہنچانے اور جعلسازی کے ذریعے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کا استعمال لاہور سمیت پنجاب کی مختلف عدالتوں میں کیا جا رہا تھا، جس کے باعث قومی خزانے کو سالانہ تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے احکامات پر معاملے کی نشاندہی اور تحقیقات کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے مبینہ طور پر اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کی۔
اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد عدالتی دستاویزات اور کورٹ فیس ٹکٹوں کی تصدیق کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت بھی اجاگر ہوئی ہے، تاکہ مستقبل میں جعلی ٹکٹوں کے ذریعے سرکاری آمدن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا راستہ روکا جا سکے۔







