نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہیں، تاہم نئے صوبوں کی تشکیل لسانی یا قومیتی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا ’سرائیکستان‘ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی میں اس بات پر گفتگو کریں گے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو قومی اسمبلی میں بحث کے لیے لایا جائے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اگر دیگر صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے بات ہو رہی ہے تو اسے بھی قومی بحث کا حصہ بنانے میں کوئی حرج نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام سے بھی نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر شفاف طریقے سے رائے لی جانی چاہیے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔







