سرکاری میڈیا پی ٹی وی نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور ایک آئی ای ڈی ڈیوائس برآمد کرلی، جبکہ کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔